چکوال: ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے مریم نواز ہیلتھ کلینک مینگن کا دورہ کیا اور ہیلتھ کیئر سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکڑ سعید اختر اور سی ای او ایجوکیشن محمد صفدر ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کر کے ہیلتھ کیئر سسٹم کے بارے میں بریفنگ لی اور مریضوں سے بھی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے مریضوں کے معیاری علاج معالجہ، ادویات کی دستیابی، صفائی کے عمدہ انتظامات، ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی حاضری اور دیگر امور کی انجام دہی حکومت پنجاب کی ہیلتھ کیئر مینجمنٹ پالیسی کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول مینگن کا بھی معائنہ کیا اور اساتذہ کی حاضری، معیار تعلیم اور دیگر انتظامی امور میں سکول انتظامیہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر چکوال کو ہدایت کی کہ دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سکولوں، ہسپتالوں اور مراکز صحت کی کارکردگی اور انتظامی معاملات پر کڑی نظر رکھی جائے۔