پنجاب کے مختلف اضلاع میں عید کے موقع پر بازاروں میں خواتین کے تحفظ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کردی گئیں۔
رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے اور بازاروں میں خریداروں کا بھی رش بڑھ گیا ہے۔ بازاروں اور مارکیٹس میں فیملیز بھی شاپنگ میں مصروف ہیں۔ ایسے میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں بازاروں اور مارکیٹس میں خواتین کے تحفظ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کردی گئیں۔
مختلف اضلاع میں خواتین پولیس اہلکار موٹر سائیکل اور سائیکل پر مارکیٹوں کا گشت کر رہی ہیں۔
اُدھر سرگودھا میں بھی بازاروں میں خواتین پولیس افسران پر مشتمل موٹر سائیکل اسکواڈ تشکیل دے دیا گیا اور بازاروں میں اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف کاکہنا تھاکہ اسٹریٹ کرائمز، ہراسانی اور دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے لیڈیز اسکواڈ اہم کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب بھکر میں بھی بازاروں میں خواتین پولیس اہلکار تعینات ہیں اور موٹر سائیکل اسکواڈ کا گشت بھی جاری ہے۔ عید کی خریداری کیلئے بازار آنے والی خواتین لیڈی اہلکار تعینات کرنے پر خوش ہیں۔ اس حوالے سے خواتین کا کہنا تھاکہ بازاروں میں خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں اور اس اقدام سے خوش ہیں۔