کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو بولان پاس کے قریب پہاڑوں میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا، سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس میں سوار 190 سے زائد یرغمال مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے ۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 30 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور سمیت 11 افراد شہید ہوگئے ۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد مسافروں کو بھی اغوا کیا ہے جن کی بحفاظت بازیابی کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا تھا، انتہائی دشوار گزار اورسڑک سے دور ہونے کے باوجود سکیورٹی فورسزموقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے ۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشت گرد قریبی پہاڑوں میں فرار ہوگئے ہیں، جن کی تلاش کیلئے کارروائی جاری ہے ، حملہ آور افغانستان میں موجود ایک ماسٹر مائنڈ سے رابطے میں تھے ۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے باعث دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں، زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے، اضافی نفری علاقے میں آپریشن میں حصہ لے رہی ہے، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گردکے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا ۔