مظفرآباد میں کشمیر مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کشمیر مارچ میں آزاد کشمیر کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکا نے پاکستانی پرچم اٹھا کر کشمیر بنے گا پاکستان ،ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کے نعرے لگائے۔ کشمیر مارچ میں آزاد کشمیر کی کی قیادت ،مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا ۔
کشمیرمارچ میں خواتین اور مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی بڑی تعداد نے پاکستانی پرچم اور سید علی گیلانی کی تصاویر اٹھا کر شرکت کی ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ وفاع پاکستان کے فرنٹ لائن سولجر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قائدِ اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ہم اس نظریے کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے جدو جہد میں ان کے ساتھ ہیں،کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
آزاد کشمیر کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے والہانہ محبت اور ان کے حقِ آزادی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
5 فروری کے سلسلے میں آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری اس عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے کہ ہم کشمیریوں کو ان کی جدوجہدِ آزادی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔