اسلام آباد میں وزارت تعلیم کے زیر انتظام تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم شہباز شریف کا جرأت مندانہ موقف کشمیر کے کاز کو لیکر پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار کرتا ہے ۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ایٹ ون میں وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے زیر اہتمام دو روزہ تقریب بعنوان "کشمیر جنت نظیر” کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب
انہوں نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر، قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کا گہوارہ ہے،کشمیری ثقافت دنیا کی قدیم ترین اور خوبصورت ثقافتوں میں سے ایک ہے،کشمیری ورثہ، بدھ مت اور اسلامی تہذیب کا خوبصورت امتزاج ہے ۔
امیر مقام نے کہا کہ کشمیری عوام کا عزم، ثقافتی ورثے کی حفاظت کی مثال،پاکستانی سرحدوں کی حفاظت میں کشمیریوں کا کردار بے نظیر ہے، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مضبوط ہے، کشمیر کے لوگ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت میں شامل رہے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اس کا اعتراف ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں ہمارے لیے فخر کا باعث ہیں، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مضبوط ہے، کشمیری عوام ہمیشہ سے پاکستان کی سرحدوں کے نگہبان ہیں ۔
وزارت تعلیم کے زیر انتظام وادی کشمیر کی ثقافت اور خوبصورتی کو اجاگر کرنے کےلیے اس رنگا رنگ تقریب اور فیسٹیول کا انعقاد، انتہائی قابلِ تحسین اقدام ہے ۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ بہت سے مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان کبھی بھی دنیا میں کشمیریوں کے جائز مقصد کی وکالت کرنے سے پیچھے نہیں ہٹا، ایسے پروگرام امید کی کرن اور عملی اقدام کی دعوت کے طور پر کام کرتے ہیں ۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق، اے پی ایچ سی کے کنوینر غلام محمد صفی، صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر, سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم محی الدین وانی اور دیگر سرکردہ سیاسی و آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت نے شرکت کی ۔