اسلام آباد کی انسداد منشیات عدالت نے منشیات اسمگل کرنے والے میاں بیوی سمیت 3 رکنی گروہ کو مجموعی طور پر 41 سال قید اور لاکھوں روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ واضح رہے اے این ایف نے گزشتہ سال مبشر حسین، رحمٰن اقبال اور زاہدہ سے ساڑھے 71 کلو افیون برآمد کی تھی۔
پراسیکیوٹر فہد ملک کا بتانا ہے کہ لیبارٹری رپورٹ بھی مثبت آئی اور ملزمان نے منشیات اسمگل کرنے کا اقرار کیا۔ انسداد منشیات عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے 3 رکنی گروہ کو مجموعی طور پر 41 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے مبشر حسین کو 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانہ، رحمٰن اقبال کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ خاتون ملزمہ زاہدہ پروین کو 12 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔