راولپنڈی:آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان او لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر دو کارروائیاں کی ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں کی گئی،جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اہم دہشت گرد رہنما خان محمد عرف کھورے سمیت دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہلاک دہشت گرد خان محمد کھورے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہم دہشت گرد کی گرفتاری پر حکومت نے 10 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوسری کارروائی بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر لکی مروت کے علاقے میں کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔