جہلم میں حکومت پنجاب نے خصوصی افراد اور مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے دو نئے فلاحی پروگرام’’ہمت کارڈ‘‘ اور ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد معاشرے کے ان افراد کو مالی امداد فراہم کرنا ہے جو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے حکومت پنجاب ان خاندانوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور ان کی مشکلات کم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔
پہلا پروگرام ’’ہمت کارڈ‘‘ ہے، جو خاص طور پر خصوصی افراد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ جس کے تحت خصوصی افراد کو ماہانہ مالی امداد فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کر سکیں اور انہیں مالی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اب تک اس پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں 1083 ہمت کارڈ بینک آف پنجاب کو جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 947 کارڈز خصوصی افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 136 افراد کو بھی جلد یہ کارڈ فراہم کر دیے جائیں گے۔