لاہور: چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی پاکستان نہ آںے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر آئی سی سی کو خط میں کرکٹ بورڈ نے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کی وجوہات طلب کی گئی ہیں۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی بورڈ انکار کی وجہ تحریری طور پر دے۔
ذرائع کے مطابق کہ خط میں پی سی بی نے آئی سی سی کو چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں کرانے پر ہی زور دیتے ہوئے حکومتی مؤقف سے آگاہ کردیاہے۔
چند روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ نے زبانی طور پر آئی سی سی کو بتایا تھا کہ وہ ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا جس کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو بھارت کے پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کردیا ہے۔
ادھر بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل سے انکار پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقہ منتقل کردی جائے گی۔
جبکہ پاکستانی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ آئی سی سی ایونٹ ہر صورت پاکستان میں ہی ہوگا، بھارت آئے یا نہ آئے ،چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی ۔