راولپنڈی پولیس نے دفعہ 144 کے باوجود بھی احتجاج کرنے والے112 طلبہ کےخلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
گزشتہ دنوں راولپنڈی پولیس کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود بھی احتجاج کرنے والے 112 طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ ہی مقدمے میں ایک ہزار سے زائد نامعلوم افراد کو بھی نامزد کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طلبہ کےاحتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوا ہے،جبکہ مظاہرین نےتوڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں بھی مداخلت کی ہے۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے مطابق جلاؤ گھیراو کرنے والوں کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، ہنگامے کے دوران پولیس نے 350 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا۔
سی پی او کے مطابق سینئر افسران پر مشتمل 12 خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر شر انگیزی پھیلانے والوں کی بھی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف آج پنجاب حکومت نے صوبےبھر میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
آج ترجمان فیڈرل بورڈ کے مطابق ایچ ایس ایس سی کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی بیرون ملک کے طلبہ کے امتحانات کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے، جبکہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ آج راولپنڈی اسلام آباد میں احتجاج کی وجہ سے میٹروبس سروس بھی بند رہے گی۔