کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والوں پر تشدد کرنے پر ایس ایچ او سمیت 8 پولیس اہل کاروں کو معطل کردیا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین سے بدسلوکی اور تشدد کے معاملے پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے میں ملوث 6 لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت 8 پولیس اہلکاروں کومعطل کردیا، معطل کیے جانے والے پولیس اہلکاروں کو ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں سسپنڈ کمپنی بھیج دیا گیا ہے۔ اہلکاروں کو روزانہ رول کال اور پریڈ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایس ایس پی سٹی کو معطل اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 14 روز کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ایس ایچ او عید گاہ ظہیر احمد خان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ساتھ ہی ایس ایچ او کے خلاف بھی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔