وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے متعدد اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول ضلعی انتظامیہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMs)، فیڈرل جنرل ہسپتال، نیشنل بحالی مرکز، اور پولی کلینک شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس، بنیادی اور دیہی مراکز صحت کو بھی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ انتظامی کنٹرول کی منتقلی ایک سال کے اندر متوقع ہے۔
وزارت صحت اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے انتظامی کنٹرول کی منتقلی کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد دارالحکومت میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔
اس سے قبل ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ وزارت صحت ملک کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMs) کی ڈائیگنوسٹک لیب کو آؤٹ سورس کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق PIMs کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلانے کے عمل کو شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ہسپتال کو ‘مرحلہ وار’ طریقے سے آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
پمز ہسپتال کے شعبہ ریڈیولوجی اور لیبارٹری سروسز کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں، پمز کے اضافی شعبوں کی نجکاری کی جائے گی۔
دریں اثنا، تیسرے مرحلے میں پمز کے زمینی اثاثوں کے استعمال کے بارے میں فیصلہ متوقع ہے، جس کی مالیت کھربوں روپہ کے قریب ہے۔