اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو) کے 5 اہلکاروں کو کرپشن کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے آئیسکو کے 5 ملازمین کو کروڑوں روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق آڈٹ افسران نے آئیسکو کا آڈٹ کلئیر کروانے کے لیے کروڑوں روپے کی رشوت وصول کی۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں ذیشان علی، نزر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر شامل ہیں۔ ذیشان علی اکبر نامی ملزم کو بطور آڈٹ افسر اور نذر حسین کو اسسٹنٹ آڈٹ افسر نامزد کیا گیا تھا۔
ملزمان کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن لاہور آفس کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔ ملزمان کو آئیسکو آپریشن جہلم سرکل اور ریجنل منیجر ٹرانسفارمر ورکشاپ اسلام آباد کے آڈٹ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔
ملزمان کو ایف آئی اے نے جی ٹی روڈ گوجر خان سے گرفتار کر کے ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کیےگئے، ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔