اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون کو سیل کرتے ہوئے سرکاری اور نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
اس سے پہلے ٹویٹر پر بھی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں تمام سرکاری اور نجی اسکول اور کالج آج 22 اگست کو بند رہیں گے۔اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ فیصلہ دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد شہر کی موجودہ غیر مستحکم صورتحال کی روشنی میں کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق احتجاج کے لیے کسی کو ریڈ زون تک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔احتجاج کا حق ہر کسی کو حاصل ہے، لیکن مظاہرے مخصوص علاقوں میں ہونے چاہئیں اور عوام کی روزمرہ زندگی کو متاثر نہیں کرنا چاہیے۔محسن نقوی نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔
دریں اثنا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے عوامی اجتماع کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) منسوخ کیے جانے کے بعد (آج) 22 اگست کو ترنول میں ہونے والا اسلام آباد پاور شو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پاور شو پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا ہے۔تاہم ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی اور این او سی بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کو دے دیا ہے۔