وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسکول پر حالیہ اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جارحیت اور بربریت کی سنگین کارروائی قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم کے مطابق غزہ میں سکول کے بچوں پر حملے کی مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام بین الاقوامی فورمز پر ان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا۔صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے شہباز شریف نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اور عملی اقدامات کرے۔