وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں راولپنڈی سے ملحقہ علاقے میں ڈور پھرنے سے 7 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور آئی جی اسلام آبادپولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔
وفاقی وزیر نے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے اور جاں بحق بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچی کے سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ محسن نقوی نے اسلام اباد میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آبادپولیس کا راولپنڈی سے ملحقہ علاقوں میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور چھاپوں میں 23 افراد گرفتار کر لیے گئے۔