جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کے نئے شروع کیے جانے والے انسداد دہشت گردی آپریشن ’ عزم استحکام‘ کو ’عدم استحکام آپریشن‘ قرار دیا ہے جو انکے مطابق ملک کو مزید کمزور کر دے گا۔
حکومت نے ہفتے کے روز ملک بھر میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ملک سے عسکریت پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ایک فوجی آپریشن شروع کیا۔ تاہم، اس اقدام کو حکمران پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل-این) کی سابق اتحادی جماعت جے یو آئی-ایف اور حریف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مشترکہ طور پر مسترد کر دیا تھا۔ پیر کو کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں ریاست کی تقریباً کوئی رٹ نہیں ہے۔