خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ جاری رہی تو گرڈ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) فضل الٰہی کی قیادت میں پشاور کے رحمان بابا گرڈ اسٹیشن کے باہر مظاہرین جمع ہوئے اور احتجاج کیا۔ رحمان بابا گرڈ سٹیشن کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ جاری رہی تو گرڈ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما فضل الٰہی نے ہزار خوانی گرڈ اسٹیشن بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پشاور میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کوہستان، دیر، سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔