وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی مسلسل کوششوں کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سفارشات پیش کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
نو رکنی کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب کریں گے اور اس میں پاور ڈویژن کے وزیر سردار اویس احمد خان لغاری شامل ہیں۔ اسکے علاوہ مصدق مسعود ملک، وزیر آبی وسائل, امیر مقام، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان؛ سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان؛ انجینئر محمد اسماعیل، وزیر خزانہ، جی بی؛ انجینئر محمد انور، وزیر زراعت، جی بی؛ فتح اللہ خان، چیئرمین بی او آئی، جی بی؛ اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان شامل ہیں۔
کمیٹی کے مینڈیٹ میں مالی معاملات، ہائیڈل کے خالص منافع، نئے اضلاع کے قیام، بجلی کے بحران اور گندم کی سبسڈی سے متعلق سفارشات شامل ہیں۔ توقع ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرتے ہوئے 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کے فوری ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد اور خطے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے انتھک محنت کرے گی۔