پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے بانی نواز شریف نے گندم کے بحران پر بات کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو جاتی امرا میں رہائش گاہ پر طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کو گندم اسکینڈل پر بریفنگ دیں گے۔ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی محمد آصف کو برطرف کرتے ہوئے ملک میں گندم کی درآمد کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔
وزیراعظم نے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی اور اسے معاملے کی مکمل تحقیقات کا کام سونپا۔ ملک میں گندم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سوال کیا کہ گزشتہ سال اجناس کی اچھی پیداوار کے باوجود گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔اس سال گندم کی بمپر فصل کی پیداوار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ گندم کی خریداری میں کوئی تاخیر نہ ہو۔