روسی صدر ولادیمر پیوٹن کی جانب سےمنعقد کردہ ورلڈ یوتھ فیسٹیول روس 2024 کےلئے گلگت بلتستان کے آٹھ پروفیشنلز اور سٹوڈنٹس منتخب ہوگئے ۔ جی بی کے ان آٹھ غیرمعمولی بیٹوں اور بیٹیوں میں ماریہ اکبر، حنا خالق تاج، عمران علی، اقتدار علی، وزیرافراسیاب، جنید احمد، بریرہ اکبر اور سیدہ شگفتہ شامل ہیں جو روس میں گلگت بلتستان اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
یوتھ فیسٹیول کے میرٹ کرائٹیریا کے مطابق فیوچر ٹیم پاکستان کی نیشنل پرپریٹری کمیٹی نے پاکستان بھر کے 5000 درخواست گزاروں میں مقابلے کے زریعے 225 افراد منتخب کرلئے تھے جن میں جی بی سے یہ آٹھ افراد سلیکٹ ہوسکے۔
ورلڈ یوتھ فیسٹیول دنیا بھر میں نوجوانوں کا ایک بہت بڑا ایونٹ ہے جس میں دنیا کے 180 ممالک سے تقریبا بیس ہزار مہمان شرکت کریں گے جن میں سربراہانِ مملکت، وزراء، پالیمنٹیرنز، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، صحافی، پروفیشنلز، تخلیقی صنعت، پولیٹیکل سائنس اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے ماہرین اور طلبہ شامل ہوں گے۔ اس بڑے پروگرام میں سائنس، آرٹ، ثقافت اور تعلیم کے حوالے سے بڑی تقریبات، پینل ڈسکشنز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی۔
صدر ولادیمر پیوٹن کے دفتر کے اعلامیے کے مطابق یہ فیسٹول یکم سے اٹھارہ مارچ تک روس میں منعقد ہوگا.