جہلم میں بھاری پتھر اٹھانے کا دلچسپ کھیل آج بھی زندہ ہے. خطہ پوٹھوہار میں جسمانی طاقت سے منسلک کھیل ہمیشہ سے ہی بہت اہمیت کے حامل رہے ہیں۔ کشتی ہو یاکبڈی پوٹھوہار کے شہ زور ہمیشہ تاریخ کی کتاب کے صفحہ اول پر اپنی جگہ بناتے آئے ہیں۔ صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو منشیات اور فضول کاموں سے روکنے کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔ سٹون لفٹنگ یا مگدر اٹھانا بھی ایک ایسا ہی کھیل ہے جس میں مہارت کے ساتھ ساتھ طاقت بھی چاہیے ہوتی ہے۔
جہلم کے نواحی علاقے کونتریلہ میں سالانہ بگدر میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں پہلوانوں نے بھاری پتھر اٹھا کر اپنے بازووں کادم دکھا یا اور شائقین سے خوب داد سمیٹی۔ کے ٹو ٹی وی نے پتھر یا مگدر اٹھانے کے ان مقابلوں کی ایک رپورٹ پیش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنید پہلوان نے سب سے زیادہ وزنی پتھر اٹھا کر میلہ اپنے نام کر لیا۔ یہ مقابلہ چار کیٹیگریز پر مشتمل تھا۔
میلے کے اختام پر نمائیاں پوزیشن حاصل کرنے والے پہلوانوں کو نقد انعامات اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔ میلے میں موجود شائقین نے کہا کہ اس طرح کے میلے اب خال خال ہوتے ہیں، خوشی کی بات ہے کہ یہ قدیم کھیل ابھی بھی جہلم میں زندہ ہے۔ اگر حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو اس کھیل میں ہمارے نوجوان بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔