قوم اگلے پانچ سال کے لیے اپنے نمائندے منتخب کرنے کے لیے پرعزم ہے اور آج ووٹ کے زریعے اس عمل کو سرانجام دے رہی ہے۔ عام انتخابات 2024 کیلئے میدان سج گیا، ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی پولنگ سٹیشنز کے باہر قطاریں لگ گئیں۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہوگا۔ پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں، امن و امان کیلئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔
قومی اسمبلی کی 265 اور صوبائی اسمبلیوں کی 591 نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی کے امیدواروں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 254 ہے، پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141، صوبائی اسمبلی کی 296 نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں۔
سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی کی 130 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 44 اور صوبائی کی 113 نشستوں پر امیدواروں میں مقابلہ ہے، بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔
عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، مردوں کیلئے 25 ہزار 320، خواتین کیلئے 23 ہزار 952 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ مشترکہ پولنگ سٹیشنز کی تعداد 41 ہزار 403 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 50 ہزار 944 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، سندھ میں 19 ہزار 6 پولنگ سٹیشنز قائم ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 697 اور بلوچستان میں 5 ہزار 28 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
عام انتخابات کے موقع پر پورے ملک میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار عام انتخابات میں ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، سکیورٹی کیلئے پولیس پہلے درجے پر، پیرا ملٹری فورسز دوسرے درجے، آخری اور تیسرے درجے میں پاک فوج بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔
عام انتخابات 2024 کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بند کر دی گئی۔