ایران گیس لائن منصوبہ ،ایران نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان کو ایک سو اسی دن کی ڈیڈ لائن ستمبر تک بڑھا دی ۔
زرائع کے مطابق اگر پاکستان نے مثبت جواب نہ دیا تو ایران پیرس میں قائم بین الاقوامی ثالثی فورم میں پاکستان کیخلاف اٹھارہ ارب ڈالرز ہرجانے کا دعوی دائر کرے گا۔ایران نے پاکستان کو اپنی تکنیکی اور قانونی مہارت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے تاکہ دونوں فریقین کیلئے مشترکہ کامیابی کی حکمت عملی اختیار کی جا سکے اور معاملہ انٹرنیشنل آربریٹریشن میں لیجانے سے گریز کیا جا سکے۔ ساتھ ہی پاکستان کو ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے اثرات سے بھی بچایا جا سکے۔
خیال رہے کہ ایران کی تکنیکی اور قانونی مہارت فراہم کرنے والی ٹیم اکیس تا چوبیس جنوری کیلئے دورے پر پاکستان آنے والی تھی تاکہ آئی پی گیس لائن پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے درمیانہ راستہ اختیار کیا جا سکے لیکن دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے یہ ٹیم نہ آسکی۔سرحدی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات مختصر وقت کیلئے منقطع ہوئے لیکن اب یہ تعلقات بحال اور معمول پر آ چکے ہیں۔یادرہے کہ ایران پاکستان گیس لائن پروجیکٹ 2014 سے تاخیر کا شکار ہے