پنڈیگھیب: پاکستان آئل فیلڈ کھوڑ سے کاپر تار اور وائینڈنگ مشین کا ٹرانسفارمر چوری کرنے والے 2 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار، مزید تفتیش جاری، انکشافات کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق حمود الرحمن ولد محمد ارشاد نے تھانہ پنڈیگھیب پولیس کو درخواست دی کہ پاکستان آئل فیلڈ میں بطور سیکورٹی انچارج تعینات ہوں مورخہ 12 جنوری کو دو نامعلوم افراد دیوار پھلانگ کر کاپر کی تار مالیتی 50000 روپے اور وائینڈنگ مشین کا ٹرانسفارمر مالیتی 45000 روپے چوری کر لے گئے اور باہر جھاڑیوں میں چھپا دیا۔ پوری واردات CCTV میں ریکارڈ ہو گئی جس پر خفیہ سیکورٹی سپروائزر تعینات کیا گیا کہ جب یہ لوگ سامان اٹھانے آئیں تو انکو رنگے ہاتھوں پکڑا جا سکے۔ رات قریباً 8:45 پر دونوں اشخاص سامان اٹھانے آئے جنکو قابو کر کے 15 پر کال کر دی۔
تھانہ پنڈیگھیب پولیس نے مقدمہ درج کر کے چوری کی واردات میں ملوث ہر دو ملزمان طلحہ خان ولد میربت خان اور اکبر خان ولد انور خان کو گرفتار کر لیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ملزمان افغان شہری ہیں۔