پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارش سے متعلقہ مختلف واقعات میں کم از کم 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں موسلادھار بارش کے باعث 2 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بارش کے بعد متاثرہ افراد کے علاج کے لیے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ بجلی کے کئی کھمبے گرنے سے ڈیرہ بگٹی کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 28 جون تک بلوچستان کے لسبیلہ، خضدار، آواران، جھل مگسی، قلات، نصیر آباد، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ژوب اور بارکھان کے اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔