تربیلہ ڈیم میں سیلابی پانی کے بڑے ریلے کے داخل ہونے اور سپل وے کھلنے کے بعد ڈیم کے نچلے حصے میں صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں ۔
ہری پور: (مہرسیماب) ڈیم انتظامیہ کے مطابق پانی کی آمد 4 لاکھ 5 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 70 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیام ڈیم کی سطح 1547.96 فٹ تک پہنچ چکی ہے جو فل لیول 1550 فٹ سے محض چند فٹ کم ہے ۔
ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے سپیل وے ایک بار پھر کھول دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں دریاۓ سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔
سیلابی پانی کے زیادہ اخراج کے باعث تربیلہ ٹی فائیو پراجیکٹ پر کام روک دیا گیا ہے، جبکہ سیلابی ریلہ ٹی فائیو پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا ہے، اس ریلے نے پراجیکٹ کی قیمتی مشینری اور متعدد کنٹینرز کو پانی میں ڈبو دیا، جس سے لاکھوں روپے کے نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر غازی خولہ طارق، ریسکیو 1122 اور پولیس ٹیموں کے ہمراہ صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں، ڈپٹی کمشنر ہری پور نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ دریا، ندی اور نالوں کے قریب نہ جائیں، جبکہ سپل وے کے راستے میں آنے والے ماہی گیروں اور مویشی پال افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے ۔
ضلعی انتظامیہ نے سیاحتی سرگرمیوں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور سیاحوں سمیت مقامی افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے ۔