وزیر اعظم شہباز شریف ن اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی آپس میں جڑی ہوئی ہے، یقین دلایا کہ ان کی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی قیادت کی مشاورت سے کشمیری عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل تلاش کرے گی۔
آزاد جموں و کشمیر کی عوام کے مفاد کے لیے واٹر چارج، نیلم جہلم اور دیگر مسائل پر بات کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی طرف سے اپنے حقوق کے لیے چلائی جانے والی حالیہ تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز نے کہا کہ لوگوں نے اپنے حقیقی مطالبات کے لیے آواز اٹھائی لیکن اس کے درمیان کچھ شرپسندوں نے فسادات کرانے اور قتل و غارت گری کی کوشش کی۔
انہوں نے تحریک کے دوران ایک پولیس اہلکار اور کچھ شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ ان کی حکومت شہدا پیکج کے تحت ان کے متعلقہ غمزدہ خاندانوں کی حمایت کرے گی۔
انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ان کی حکومت کی طرف سے منظور شدہ 23 ارب روپے آزاد جموں و کشمیر حکومت کو جاری کر دیے گئے ہیں اور یقین دلایا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم کا دورہ مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر اور سیکرٹری بجلی آزاد جموں و کشمیر کے حکام سے اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کریں گے۔وزیر اعظم نے اپنے آزاد جموں و کشمیر کے ہم منصب چوہدری انوار الحق سے کہا کہ وہ متعلقہ پاکستانی وزارتوں سے ضروری مشاورت کے لیے اپنی طرف سے ایک کمیٹی تشکیل دیں۔