وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پہلی منی میراتھن دوڑ 9 فروری کو راولپنڈی میں منعقد ہو گی ۔ میراتھن ریس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسان طارق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ کھیل، پولیس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122 کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایونٹ کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ میراتھن ریس لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس سے شروع ہو کر نواز شریف پارک پر اختتام پذیر ہو گی۔ چھ کلو میٹر پر مشتمل ریس میں دو ہزار سے زائد ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے جو اوپن، انڈر 19 اور ففٹی پلس کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔ میراتھن ریس صبح نو بجے شروع ہو گی جبکہ اختتامی تقریب دن گیارہ بجے منعقد ہو گی۔ ریس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں تین لاکھ چالیس ہزار روپے انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔