وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے حکومت اور افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور افواج پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔شہباز شریف کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کو تمام دستیاب وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے آئین پر یقین رکھنے والوں کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ تاہم دشمنوں اور دہشت گردوں سے کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔یاد رہے کہ بلوچستان کے اضلاع قلات، موسیٰ خیل اور بولان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 38 افراد شہید ہو گئے۔