ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے اہم گروپ میچ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں کھیلا جارہا ہے،میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی کولمبو پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔
سری لنکا اور بھارت میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آج پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے ۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے سری لنکا کے کولمبو سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اسی گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس بھی کی ۔
دوسری جانب میچ سے پہلے بھارت کو بڑا دھچکا لگا ہے، بھارتی اوپنر ابھیشک شرما کی شرکت غیر یقینی ہے، جبکہ بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا ۔
میچ دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اور بھارتی کرکٹ شائقین کولمبو پہنچ چکے ہیں۔ میچ کے ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں، ہوٹلوں میں کمرے دستیاب نہیں جبکہ کرایے بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں ۔
ادھر سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کولمبو میں آئندہ تین روز کے دوران کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے، جس کے باعث پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا ۔
قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کھلاڑی بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران تماشائیوں کی توقعات حد سے زیادہ ہوتی ہیں۔ بابر اعظم نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ میدان سے باہر کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے اور مکمل طور پر پُرسکون رہے ۔
دریں اثنا کولمبو میں پاک بھارت میچ سے قبل پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملاقات کی ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، ان کے عزم اور جذبے کو سراہا اور قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
ملاقات میں کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، منیجر نوید اکرم چیمہ، تمام کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف موجود تھے۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور میڈیا ڈائریکٹر عامر میر بھی شریک تھے ۔


