مانسہرہ پولیس کی جانب سے عوامی شکایات اور ٹریفک مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
مانسہره: اس سلسلے میں ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے انسپکٹر ٹریفک انس خان کو حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں پھٹے سلنسرز والے موٹرسائیکلوں کو غیر قانونی طور پر موڈیفائی کرنے والے مکینکس ، سواریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
اسی طرح اڈوں پر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ڈرائیورز، منشی اور کنڈیکٹرز کو سختی سے احکامات جاری کئیے جائیں کہ خواتین کی عزت نفس کا خاص خیال رکھا جائے ہدایت نامہ پر عملدرآمد نہ کرنے والے تمام ڈرائیورز ، اڈہ منشی اور کنڈیکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
ڈی پی او نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ ضلع بھر میں کالے شیشے والی گاڑیوں، پریشر ہارنز، ہوٹرز، ناجائز پارکنگ اور غیر قانونی منی اڈوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اس ضمن میں انہوں نے تین دن کے اندر اندر مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے ۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔