گلگت بلتستان میں شدید سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہ بابوسر پر سرچ آپریشن جاری ہے ،دوسری جانب صوبائی حکومت کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف دو سے تین روز میں گلگت بلتستان کا دورہ کرینگے جہاں وہ متاثرہ علاقوں کیلئے اہم اعلان متوقع ہے ۔
گلگت( ندیم خان) گلگت بلتستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے بعد ریسکیو اور بحالی کے کام میں تیزی، ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق شاہراہ بابوسر پر سرچ آپریشن جاری ہے ۔
سرچ آپریشن کے دوران کئی گاڑیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے، تاہم تاحال لاپتہ افراد کا سراغ نہیں مل سکا۔ متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور متعدد مقامات پر پانی و بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے ۔
شاہراہ بابوسر سمیت دیگر علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے جبکہ کئی رابطہ سڑکیں دوبارہ کھول دی گئی ہیں ۔
ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف آئندہ دو سے تین روز میں گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے، امید ہے کہ وزیراعظم متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے اور اہم اعلانات بھی کریں گے ۔