نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈ نگ سے بند راستے کھول دیئے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اہم ترین شاہراہ کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
انتہائی خراب موسم میں بھاری مشینری کے ذریعے شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام کیا گیا۔ بحالی آپریشن کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کردی گئی ہیں۔ ترجمان این ایچ اے کے مطابق ایف ڈبلیو او۔ این ایچ اے اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائیاں کیں۔ مشکل ترین صورتحال کے باوجود رات گئے شاہراہ قراقرم پر ٹریفک بحال کردی گئی۔
چیئرمین این ایچ اے نے سارے آپریشن سے وفاقی وزیر مواصلات اور اعلی حکام کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا۔
ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے شاہراہ قراقرم کی بحالی پر اظہار اطمینان کیا۔ جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنس جانے والے مسافروں نے بھی تیز ترین امدادی سرگرمیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقام کے اطراف ابھی بھی بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تاہم کم سے کم وقت میں شاہراہ قراقرم پر ٹریفک رواں دواں کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے حکام کو تمام شاہراہوں بالخصوص پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔