راولپنڈی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، آتشبازی فروشوں اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 9 پستول 30 بور، گولہ بارود، آتش بازی کا سامان، پٹرول اور دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ٹیکسلا، صدر واہ، ویسٹریج، کہوٹہ، نصیر آباد اور دھمیال پولیس نے آصف، عمران، سلیمان، یامین، اشتیاق، تاج محمد، عارف، عدنان، کاظم علی اور ذیشان نامی 10 ملزمان کو گرفتار کر کے 9 پستول 30 بور برآمد کر لیے۔
ترجمان نے بتایا کہ گنجمنڈی پولیس نے چھاپہ مار کر آتش بازی کے دو ڈیلرز نعمان اور شاہ رخ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آتش بازی کا سامان برآمد کر لیا۔ ایک اور چھاپے میں رتہ مرال اور واہ کینٹ پولیس نے بھی غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں چلانے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے پٹرول اور دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔
تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی نے پولیس ٹیموں کو منشیات فروشوں، بوٹلیگرز اور دیگر قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔