راولپنڈی نارکوٹکس ڈویژن نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے مختلف علاقوں میں سمگل کی جانے والی بھاری مقدار میں منشیات ناکام بنا دی ۔
راولپنڈی: خفیہ معلومات کی بنیاد پر انسدادِ منشیات آپریشن کیا گیا، جس کا مقصد سوات سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں منشیات کی ترسیل کو روکنا تھا، ہدایات ملتے ہی راولپنڈی ڈویژن کی سٹرائیک ٹیم کو متعلقہ مقام پر تعینات کیا گیا ۔
آپریشن کے دوران مشتبہ گاڑی کی کامیاب نشاندہی کے بعد ایم ون موٹروے پر مختصر تعاقب کیا گیا اور گاڑی کو برہان انٹرچینج کے قریب روک کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، تلاشی کے دوران گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ۔
برآمد شدہ منشیات میں 233 کلوگرام چرس (تقریباً 5.8 من) اور 15 کلوگرام افیون شامل ہے، جب کہ مجموعی طور پر 248 کلوگرام (تقریباً 6.2 من) منشیات قبضے میں لی گئیں ۔
حکام کے مطابق اس سمگلنگ کی کوشش میں ملوث مکمل نیٹ ورک کی نشاندہی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے ۔


