بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفترکےباہردھماکے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 افراد زخمی ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ یہ علاقہ کوئٹہ سے 170 کلو میٹر دور ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکےکے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد دفترمیں موجودتھی۔
دھماکا رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالواسع کے انتخابی دفتر کے قریب ہوا، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات لی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ اس دھماکے سے محض کچھ دیر قبل بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ دونوں دھماکے ایسے وقت میں ہوئے ہیں، جب عام انتخابات میں محض ایک روز باقی رہ گیا ہے۔