اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کی مبینہ دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سے متعلق کیس میں ضمانت منظور کر لی ہے۔
اے ٹی سی نے پی ٹی آئی رہنما کی 200,000 روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔قبل ازیں اے ٹی سی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کو دہشت گردی سے متعلق کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلہ سناتے ہوئے حسن کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔
22 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انفارمیشن سیکرٹری رؤف حسن کو وفاقی دارالحکومت سے گرفتار کیا۔ گرفتاری پارٹی سیکرٹریٹ سیکٹر جی ایٹ میں کی گئی۔اسلام آباد پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارا۔پولیس کے مطابق پی ٹی آئی سیکرٹریٹ اپنے ڈیجیٹل میڈیا سینٹر کے ذریعے ایک بین الاقوامی ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔