وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 14 اگست سمیت دیگر قومی اہمیت کے دنوں پر پی ٹی آئی کا احتجاج معمول بنتا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص ہر قومی دن اور تہوار پر پارٹی مفاد کو ترجیح دیتا ہے اور پی ٹی آئی کو احتجاج پر اکساتا ہے۔
خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسد قیصر نے یہ موقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان مسلسل حکومت پر مودی سے سازباز کا الزام لگاتی رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال 700 شہداء نے وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ لیکن پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے نہ تو کوئی تعزیتی بیان دیا اور نہ ہی شہداء کے گھروں جا کر لواحقین سے اظہار افسوس کیا، بلکہ اس کے برعکس مخالفانہ بیانات دیے گئے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ کوئی شخص یا لیڈر وطن سے بڑا نہیں ہوتا، اول اور آخر پاکستان ہے۔