ڈی چوک اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک انصاف کو سنگجانی کے مقام پر احتجاج کرنے کی پیش کش کی اور میری اطلاع کے مطابق اڈیالہ جیل سے بھی انہیں سنگجانی کی اجازت مل گئی ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں جو ڈی چوک آئےگا اُسے گرفتار کریں گے، وہ آئیں اور ہم جانے دیں اب ایسا ہو نہیں سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی فائرنگ کے جواب میں ہم فائرنگ کرتے تو یہ پتھر گڑھ بھی پار نہیں کرسکتے تھے، وہ چاہتے تھے کہ کوئی لاش مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مظاہرین کو انکی طرح کا جواب دے سکتے تھے مگر ہم نے مقصد پورا ہونے نہیں دیا کیونکہ ان کا مقصد کچھ اور اور ہمارا مقصد و کوشش لوگوں کی حفاظت، جانیں بچانا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے اہلکار ہمارے مہمان ہیں اور ان کو سہولیات دینا ہماری اولین ترجیح ہے سندھ پولیس کے اہلکاروں کو فوری طور پر گرم ملبوسات اور جیکٹس فراہم کی جائیں، ہمارے نوجوانوں کے پاس سہولیات ہوں گے تو وہ بہتر کام کرسکیں گے۔