اسلام آباد:نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے لیے نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی اور میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ہدفی فیول سبسڈی اسکیم کی عملی صورتحال، مستحقین کے تعین کے طریقہ کار اور عمل درآمد کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں عوامی آگاہی اور سکیم تک مؤثر رسائی یقینی بنانے کے لیے میڈیا رابطہ کاری کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مستحق طبقات کو ہدفی فیول ریلیف دینے کی کوششیں کی جائیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بین الصوبائی اور بین الوزارتی رابطہ کاری، اسکیم پر مؤثر عمل درآمد، وسائل کی مؤثر تقسیم اور عوامی آگاہی کی بھرپور مہم یقینی بنائی جائے۔
نائب وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کی تجاویز اور تعاون کو سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے موسمیاتی تبدیلی، پٹرولیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


