مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکہ سمیت ثالث ممالک نے غزہ امن معاہدے پر دستخط کردیے گئے ، اس حوالے سے خصوصی تقریب سے اپنے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج غزہ سمیت مشرقِ وسطیٰ کیلئے تاریخی دن ہے ۔
شرم الشیخ: غزہ جنگ بندی معاہدے پر ثالث ممالک مصر، ترکیے قطر اور امریکہ نے دستخط کئے، تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف بھی شریک ہوئے ۔
مصرکے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے بین الاقوامی سربراہی اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ، ترک صدر رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر نے ’’ غزہ امن معاہدے‘‘ پر دستخط کر دیئے ۔
بین الاقوامی سربراہی اجلاس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے قطر، ترکی اور مصر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے اپنی افتتاحی تقریر کے دوران قطر اور ترکی کے رہنماؤں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں “شاندار انسان” اور “عظیم جنرل” قرار دیا ۔
اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے، امن معاہدہ بڑی کامیابی ہے ، معاہدے کی دستاویز اصول و ضوابط کی وضاحت کرے گی ، غزہ میں امن معاہدے سے مشرق وسطی میں امن قائم ہوگا،امن معاہدے کو کامیاب بنانے میں تمام ممالک کے شکر گزار ہیں، جنگ بندی میں مصر کا کردار قابل تعریف ہے ۔
امریکی صدر نے کہا کہ اس موقع پر سب خوش ہیں، ہم اس سے پہلے بھی بڑے معاہدے کر چکے ہیں لیکن اس معاملے نے تو بالکل راکٹ کی طرح اڑان بھری ہے، پہلے یہ پیش گوئیاں کی جا رہی تھیں کہ تیسری عالمی جنگ مشرقِ وسطیٰ سے شروع ہوگی مگر اب ایسا نہیں ہوگا ۔