لاہور: اپنے ایک بیان میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے پاکستان بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے ۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت اور عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو وہ 4 سال میں تباہ و برباد کرکے گئے تھے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں، اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کے مجرم ، ملک کو لوٹنے اور جلانے والے بہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، مار دو ، جلا دو ، گالی گلوچ ، غنڈا گردی ، جھوٹ، فراڈ اور سول نافرمانی کی کالز سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا ۔
انہوں نے کہا کہ کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات ، کبھی سائیفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ ، اب کوئی ماننے والا نہیں، 8 ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کرکے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں ہے ۔
سینئر صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’امریکا نے میری حکومت گرائی‘ سے ’امریکا مجھے بچالو‘، کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے ۔