وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں انتہائی تیز رفتاری سے انڈر پاس کی تعمیر کا نیا ریکارڈ قائم، جناح ایونیو ایف 8 ایکسچینج چوک انٹرچینج کا انڈر پاس صرف 42 روز میں مکمل ہو گا۔
یاد رہے انڈر پاس تکمیل کے قریب ہے اور مجموعی طور پر 75 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انڈر پاس 25 دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جناح ایونیو ایف 8 انٹرچینج منصوبے کا الصبح اچانک دورہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ چئیرمین سی ڈی اے نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت اور تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے ہدائت کی کہ منصوبے کے فلائی اوور اور انڈر پاس پر بیک وقت کام جاری رکھا جائے۔ منصوبے کو ریکارڈ مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجیئنرز سائٹ پر تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت پر متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ جناح ایونیو انٹرچینج کے 74 میں سے 70 پائلز کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔