پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سپریمو اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں بریت کی درخواست کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں صدر آصف زرداری، نواز شریف اور سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
جج نصیر جاوید رانجھا نے ریفرنس کی سماعت کی اور صدر آصف زرداری کی جانب سے ارشد تبریز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔نواز شریف کی جانب سے وکیل رانا محمد عرفان عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے تین بار سابق وزیراعظم کی بریت کی درخواست جمع کرائی۔
کیس میں نواز شریف کی بریت کی درخواست پر 23 مئی کے لیے نوٹس جاری اور یوسف رضا گیلانی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی۔ وکیل نے کہا کہ صدر آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ اس وقت تک ان کا کیس آگے نہیں بڑھ سکتا، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انہیں صدارتی استثنیٰ سے متعلق درخواست موصول ہوئی ہے اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کردی۔