مانسہرہ میں معمولی رقم کے تنازعے نے ایک شہری کی جان لے لی۔ 200 روپے کے لین دین پر ہونے والا جھگڑا خونریز واقعے میں بدل گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد مانسہرہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 03 جنوری 2026 کو تھانہ خاکی کی حدود پٹھان کالونی، شیرپور میں پیش آیا۔ دو افراد کے درمیان معمولی رقم کے لین دین پر تلخ کلامی ہوئی، جو کچھ ہی لمحوں میں ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ اس دوران ملزم شیر باز خان نے خنجر سے ثاقب خان پر وار کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مانسہرہ پولیس نے تیز رفتار کارروائی کی اور ملزم شیر باز خان ولد ڈاکٹر خان، سکنہ پٹھان کالونی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ قانون سے بالا تر کوئی نہیں اور ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ شہریوں نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ قاتل کو سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔


