لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ نے آئی ایل او کے وفد کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں مزدوروں اور ورکرز کی فلاح و بہبود، راشن کارڈ، لیبر قوانین اور لیبر کالونیز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے صنعتی ورکرز کے لیے پنجاب کے اقدامات اور منصوبوں سے آئی ایل او کے وفد کو آگاہ کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ لیبر کوڈ 2026 کے تحت کم از کم اجرت میں اضافہ، مزدوروں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب لیبر کوڈ 2026 نافذ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے خصوصی ہیلپ لائنز اور بحالی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔
صوبے میں 70 ہزار سے زائد بچوں سے جبری مشقت کی نشاندہی کرکے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا گیا اور 3,644 بچوں کو سکول بھیجا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی لیبر کی جان و مال کی حفاظت کے لیے محکمہ محنت کی ہیلپ لائن 1314 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔
لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور رحیم یار خان میں ورکرز کی پیشہ ورانہ صحت و حفاظت کے لیے نئے مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کی پہلی پیشہ ورانہ حفاظت و صحت لیبارٹری اسی سال قائم ہوگی جب کہ فیصل آباد میں او ایس ایچ لیب سال کے آخر تک مکمل ہوگی۔
نجی فیکٹریوں اور دفاتر میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے 577 ڈے کیئر سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے پنجاب میں لیبر اور ورکرز کو راشن کارڈ دینے، صنعتی ورکرز کے لیے اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ اور مزدوروں کی بہبود گرانٹس میں نمایاں اضافے کے اقدامات کو سراہا۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر بھی مبارکباد دی اور خراج تحسین پیش کیا۔


