شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے ۔
اسلام آباد: 24 اگست 2025 کو مارگلہ ہلز کے مشہور ٹریلز نمبر 2، 3، 4، 5 اور سید پور گاؤں کے پیچھے واقع ٹریل کو بند رکھا جائے گا، یہ فیصلہ موسم کی خرابی اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں شدید بارشیں اور طوفانی حالات متوقع ہیں، جو کہ مارگلہ ہلز کے دشوار گزار راستوں پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں ۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران ٹریلز پر جانے سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں ۔
حکام نے واضح کیا کہ یہ بندش عارضی ہے اور موسم بہتر ہونے پر ٹریلز دوبارہ کھول دیے جائیں گے، شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے مقامی انتظامیہ سے رابطہ رکھیں ۔
اس فیصلے کا مقصد کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنا اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔