مانسہرہ میں خفیہ معلومات پر کی گئی کامیاب کارروائی کے دوران ہزارہ ریجن کے تعلیمی اداروں کے طلباء کو آئس سپلائی کرنے والے دو سمگلر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیے گئے ۔
مانسہرہ: پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عاصم شاہ ولد مبارک شاہ اور قاصم علی ولد محمد نصیر ساکنان مانسہرہ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
کارروائی کے دوران 6000 گرام آئس برآمد کر لی گئی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ماجد خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ مذکورہ ملزمان ہزارہ ریجن کے تعلیمی اداروں کے طلباء میں آئس کی ترسیل میں ملوث ہیں ۔
اطلاع کی خفیہ تصدیق اور مکمل ریکی کے بعد ماجد خان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے عجب باغ چیک پوسٹ پر مؤثر ناکہ بندی کی ۔
ناکے کے دوران گاڑی نمبر AHE-018 کو مشکوک جان کر روکا گیا، تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں آئس برآمد ہوئی جس پر ملزمان کو موقع پر گرفتار کر کے تھانہ ایکسائز مردان منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے ۔


