مانسہرہ کے نواحی گاؤں تھاتھی احمد خان میں قائم واحد بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) شدید زبوں حالی کا شکار ، گردونواح کے مختلف دیہات کی 20 ہزار سے زائد آبادی صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو گئی ۔
مانسہرہ: (مہر سیماب) نواحی گاوں تھاتھی احمد خان کا واحد بی ایچ یو نمشہرہ، کمیلہ، چکڑبائیاں خورد، چکڑبائیاں کلاں، کھرپڑ، نیچاں، بیری سمیت آٹھ دیہاتوں کے لیے مشترکہ ہے جن کی مجموعی آبادی 20 ہزار سے زائد ہے ۔
مقامی افراد کے مطابق اس بی ایچ یو کو قائم ہوئے تقریباً 45 سال ہو چکے ہیں لیکن اس دوران کسی قسم کی مرمت یا اَپ گریڈیشن نہیں کی گئی، جس کے باعث یہ عمارت کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے، بی ایچ یو کی باؤنڈری وال تقریباً گر چکی ہے جبکہ پینے کے پانی کا بھی کوئی مستقل بندوبست موجود نہیں ۔
بی ایچ یو 6 کنال زمین پر مشتمل ہے لیکن سہولیات کا فقدان ہے، موجود عملے میں میڈیکل ٹیکنیشن، دائی، بہشتی اور چوکیدار شامل ہیں، لیکن ادویات اور دیگر ضروری وسائل کی عدم دستیابی کے باعث یہ عملہ بھی بےبس نظر آتا ہے ۔
مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بی ایچ یو کی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ اتنی بڑی آبادی کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔